نئی دہلی،22؍اگست(آئی این ایس انڈیا) بھارت نے اپنے 329 شہریوں اور دو افغان اراکین پارلیمنٹ سمیت تین پروازوں کے ذریعے اپنے شہریوں کو افغان دارالحکومت سے نکالنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پرتقریباََ400 افراد کو ملک واپس لایا ہے۔کل 168 افراد جن میں 107 ہندوستانی اور 23 افغان سکھ اور ہندوشامل ہیں ، کو کابل سے بھارتی فضائیہ کے سی 19 فوجی ٹرانسپورٹ طیارے کے ذریعے دہلی کے قریب ہنڈن ایئر فورس بیس پر لایا گیا۔حکام نے بتایاہے کہ 87 ہندوستانیوں اوردونیپالی شہریوں کے ایک اور گروپ کو دوشنبے سے ایئر انڈیا کی خصوصی پرواز کے ذریعے واپس لایا گیا۔
اس سے ایک دن پہلے اسے بھارتی فضائیہ کے طیارے کے ذریعے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے لے جایا گیا۔دریں اثنا 135 افراد کا ایک گروہ جسے امریکہ اور نیٹوکے طیاروں کے ذریعے گزشتہ چند دنوں میں کابل سے دوحہ لے جایا گیا تھا ، ایک خصوصی طیارے کے ذریعے دوحہ سے دہلی لایا گیا۔ بھارت نے امریکہ ، قطر ، تاجکستان اور کئی دوسرے دوست ممالک کے ساتھ مل کر افغانستان سے لوگوں کو نکالنے کے لیے تعاون کیا۔
افغانستان سے انخلاء کے آپریشن سے آگاہ حکام نے بتایا کہ کابل سے لائے گئے 168 افراد کے گروپ میں افغان ارکان پارلیمنٹ اوران کے اہل خانہ شامل ہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے طیارہ اترنے سے چند گھنٹے قبل ٹویٹ کیاہے کہ ہندوستانیوں کا انخلا جاری ہے۔ بھارت کے 107 شہریوں سمیت 168 مسافروں کو بھارتی فضائیہ کے خصوصی طیاروں کے ذریعے کابل سے دہلی لایاجا رہا ہے۔